پاکستان میں مزید 577 افراد کورونا کا شکار٫ مریضوں کی تعداد 3864 ہوگئی
کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی اور 28 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 577 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 3864 ہوگئی ہے۔
قومی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 577 افراد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے نتیجے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3864 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 54 ہوگئی اور 28 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ متاثرہ 429 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پنجاب میں 1918، سندھ میں 932، خیبر پختونخوا میں 500، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 83جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے 18 مریض ہیں۔
کورونا کے 35 ہزار 875 ٹیسٹ
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3088 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 39 ہزار 183 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔